ترجمہ و تفسیر سورۃ 4 النساء آیت 59 از محمد امین اکبر
يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَأُولِي الْأَمْرِ مِنكُمْ ۖ
ترجمہ:اے ایمان والواللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی اطاعت کرو اور اپنے حکمران (صاحب فرمان)کی ۔
اس آیت کے مخاطب اہل ایمان ہیں۔اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور کے لوگ بھی آ گئے اور اُن کے بعد ایمان میں  داخل ہونے والے اور بعد کے زمانوں کے اہل ایمان بھی آگئے۔ وہ اہل ایمان بھی جو کسی اسلامی ریاست میں رہتے ہیں اور وہ بھی جو کسی کافر ملک میں رہتے ہیں۔ یہاں سب ہی کو مخاطب کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ کسی بھی طرز حکومت میں حکومت کی بات نہ ماننا بغاوت ہے۔ حکومت اپنی رٹ زبردستی قائم کر سکتی ہے۔اس آیت میں أُولِي الْأَمْرِ سے مراد کسی بھی ملک کا آئین  یا  قانون اوراس کے نافذ کرنے والے ادارے ہیں۔
اس سے پچھلی آیت   آیت 58   میں مخاطب امانتوں یا کسی بھی حوالے سے جھگڑا کرنے والے اور انصاف کرنے ہیں۔ اس آیت میں مخاطب تمام اہل ایمان ہیں۔انہیں  اللہ کی اطاعت کا حکم دیا جا رہا ہے ، کس بات کی اطاعت کا؟ کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات مانو۔ ایک حکم کا ذکر پچھلی آیت میں مثال کے طور ہو گیا یعنی امانتیں واپس کر دینے کا۔ یعنی جو جو احکامات اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں بیان کیے ہیں اہل ایمان سب کومانو، چاہے حکومت اسلامی ہو یا نہیں۔ اس کے بعد کہا گیا کہ رسول کی اطاعت کرو اور أُولِي الْأَمْرِ کی۔اللہ تعالیٰ اور رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے احکامات تو قران کریم کی شکل میں ہمارے پاس تا قیامت رہیں گے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہر زمانے میں  سب کو اپنے ملک کے قانون کی پاسداری بھی کرنی ہے یہی صاحب امر کی اطاعت ہے۔جیسےقران پاک میں آیت ہے کہ 
فَإِن تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ
فَإِن تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ
ترجمہ: پس اگر کسی بھی بات میں  تمہارے بیچ تنازعہ پیدا ہو جائے تو 
اس آیت میں  "ان” شرطیہ ہے جس کا اطلاق آج کے قرآن پڑھنے والے پر بھی ہو گا۔ اب تنازعہ کی صورت کیا ہو سکتی ہے۔آیت 58 میں دیکھیں تو  امانت کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ایک فریق کہے کہ امانت دے دی ہے ، دوسرا کہیں نہیں دی۔اسی طرح کسی بھی مسئلے پر تنازعہ پیدا ہو جاتا ہے تو ہمیں حکم دیا جا رہا ہے کہ عدالتوں کا رخ کریں۔یاد رہے کہ حاکموں یا أُولِي الْأَمْرِ کے پاس اس صورت میں ہی جانا ہے جب واقعی تنازعہ ہو جائے ۔ ناحق عدالت میں لے جانا منع ہے۔
وَلَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُم بَيْنَكُم بِالْبَاطِلِ وَتُدْلُوا بِهَا إِلَى الْحُكَّامِ لِتَأْكُلُوا فَرِيقًا
مِّنْ أَمْوَالِ النَّاسِ بِالْإِثْمِ وَأَنتُمْ تَعْلَمُونَ [٢:١٨٨]
مِّنْ أَمْوَالِ النَّاسِ بِالْإِثْمِ وَأَنتُمْ تَعْلَمُونَ [٢:١٨٨]
ترجمہ: اور تم لوگ نہ تو آپس میں ایک دوسرے کے مال ناروا طریقہ سے کھاؤ اور نہ حاکموں کے آگے ان کو اس غرض کے لیے پیش کرو کہ تمہیں دوسروں کے مال کا کوئی حصہ قصداً ظالمانہ طریقے سے کھانے کا موقع مل جائے ۔ مترجم مولانا مودودی)
فَرُدُّوهُ إِلَى اللَّهِ وَالرَّسُولِ إِن كُنتُمْ تُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ ۚ
ترجمہ: پس اس   (ہ کی ضمیر متنازعہ فیہ معاملہ کی طرف ہے)بارے میں  اللہ اور رسول کی طرف رجوع کرو، اگر تم اللہ اور یوم الآخرت پر ایمان رکھتے ہو
جی ہاں  اسی معاملے کی بات ہو رہی ہے۔جس معاملے میں تنازعہ پیدا ہو جائے تو اسے اللہ اور رسول کی طرف لوٹانا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تنازعہ کس قسم کا ہو گا۔عام سیدھا سادا معاملہ ہو تو تنازعے کی کیا ضرورت؟ گواہ بلاؤ، ثبوت دیکھو اور جو قصور وار ہو اسے سزا دی جائے۔ یہ تنازعہ خاص قسم کا ہے۔ اس تنازعے میں نہ تو کوئی گواہ ہے نہ ثبوت۔دونوں ہی اپنی جگہ خود کو سچا سمجھتے ہوں۔ أُولِي الْأَمْرِ کے لیے فیصلے کی کوئی صورت نہیں تو اس تنازعے کو اللہ اور اس کے رسول کی طرف لوٹانے کا کہا جا رہا ہے۔رسول کی طرف لوٹانے کا مطلب یہ ہے کہ اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور میں یہ تنازعہ ہوا ہو اور معاملہ کسی صاحب عدل کے پاس ہو تو وہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یعنی بڑی عدالت کی طرف ریفر کر دے۔آج کے دور میں ہو تو پنچائت کا معاملہ قانونی عدالت میں جائے گا ، چھوٹی عدالت کا فیصلہ  بڑی عدالت میں جائے گا۔ایک جج کی عدالت کا فیصلہ دو ججوں کی عدالت میں جائے گا۔اگر پھر بھی فیصلے کی کوئی صورت نہ نکلے تو اس فیصلے کو اللہ کی طرف لوٹایا جائے گا۔ اگر جج یا أُولِي الْأَمْرِکمزور شہادت یا شک کی بنا پر کسی ایک فریق کے حق میں فیصلہ کر دے تو بھی اُن کی بات ماننی چاہیے اور فریق کو یہ  معاملہ اللہ کی طرف لوٹا دینا چاہیے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹانا کیا ہے؟ قرآن کریم میں دیکھتے ہیں کہ کیا کوئی معاملہ ایسا ہے جس کے متعلق ہم کہہ سکیں کہ یہ اللہ کی طرف لوٹانے کی مثال ہے۔ سورۃ نور کی ابتدائی آیات سے ہم معاملہ اللہ کی طرف لوٹانے کی مثال سمجھ سکتے ہیں۔
وَالَّذِينَ يَرْمُونَ أَزْوَاجَهُمْ وَلَمْ يَكُن لَّهُمْ شُهَدَاءُ إِلَّا أَنفُسُهُمْ فَشَهَادَةُ أَحَدِهِمْ
أَرْبَعُ شَهَادَاتٍ بِاللَّهِۙ إِنَّهُ لَمِنَ الصَّادِقِينَ [٢٤:٦]
أَرْبَعُ شَهَادَاتٍ بِاللَّهِۙ إِنَّهُ لَمِنَ الصَّادِقِينَ [٢٤:٦]
(اور جو لوگ اپنی بیویوں پر الزام لگائیں اور ان کے پاس خود ان کے اپنے سوا دوسرے کوئی گواہ نہ ہوں تو اُن میں سے ایک شخص کی شہادت (یہ ہے کہ وہ) چار مرتبہ اللہ کی قسم کھا کر گواہی دے کہ وہ (اپنے الزام میں) سچا ہے۔ مترجم مولانا مودودی) 
وَالْخَامِسَةُ أَنَّ لَعْنَتَ اللَّهِ عَلَيْهِ إِن كَانَ مِنَ الْكَاذِبِينَ [٢٤:٧] 
(اور پانچویں بار کہے کہ اُس پر اللہ کی لعنت ہو اگر وہ (اپنے الزام میں) جھوٹا ہو ۔ مترجم مولانا مودودی)
وَيَدْرَأُ عَنْهَا الْعَذَابَ أَن تَشْهَدَ أَرْبَعَ شَهَادَاتٍ بِاللَّهِۙ إِنَّهُ لَمِنَ الْكَاذِبِينَ [٢٤:٨] 
(اور عورت سے سزا اس طرح ٹل سکتی ہے کہ وہ چار مرتبہ اللہ کی قسم کھا کر شہادت دے کہ یہ شخص (اپنے الزام میں) جھوٹا ہے )
وَالْخَامِسَةَ أَنَّ غَضَبَ اللَّهِ عَلَيْهَا إِن كَانَ مِنَ الصَّادِقِينَ [٢٤:٩] 
(اور پانچویں مرتبہ کہے کہ اُس بندی پر اللہ کا غضب ٹوٹے اگر وہ (اپنے الزام میں) سچا ہو ) 
اس کے علاوہ
فَمَنْ حَاجَّكَ فِيهِ مِن بَعْدِ مَا جَاءَكَ مِنَ الْعِلْمِ فَقُلْ تَعَالَوْا نَدْعُ أَبْنَاءَنَا وَأَبْنَاءَكُمْ وَنِسَاءَنَا وَنِسَاءَكُمْ وَأَنفُسَنَا وَأَنفُسَكُمْ ثُمَّ نَبْتَهِلْ فَنَجْعَل لَّعْنَتَ اللَّهِ عَلَى الْكَاذِبِينَ [٣:٦١] 
(یہ علم آ جانے کے بعد اب کوئی اس معاملہ میں تم سے جھگڑا کرے تو اے محمدؐ! اس سے کہو، "آؤ ہم اور تم خود بھی آ جائیں اور اپنے اپنے بال بچوں کو بھی لے آئیں اور خد ا سے دعا کریں کہ جو جھوٹا ہو اُس پر خدا کی لعنت ہو”) 
اس آیت میں حضرت عیسیٰ سے متعلق قرآن میں بتا دیا گیا ہے۔ اس باوجود اختلاف ہونے کی صورت میں معاملے کو اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹایا جا رہا ہے۔
4:59 میں جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان کا ذکر ہے اس کا مطلب ہے کہ جس چیز کا فیصلہ دنیا میں نہ ہو سکا اس کا اللہ تعالیٰ قیامت کے روز فیصلہ کرے گا۔ امانت وغیرہ اور اس طرح کے دوسرے مسائل میں اس طرح کی صورت حال کیوں پیدا ہو جاتی ہے کہ اُن کا فیصلہ نہ ہو سکے اور معاملہ کو آخرت کی طرف لوٹانا پڑے۔ اس کی وجہ اللہ تعالیٰ کے ایک اور حکم کی اطاعت نہ کرنا ہے۔وہ حکم جس کی اطاعت نہیں کی جاتی وہ سورۃ البقرۃ کی آیت 282 میں ہے کہ
(اے لوگو جو ایمان لائے ہو، جب کسی مقرر مدت کے لیے تم آپس میں قرض کا لین دین کرو، تو اسے لکھ لیا کرو) [٢:٢٨٢]
اگر فریقین اپنے پاس اس طرح کے ثبوت وغیرہ رکھیں تو أُولِي الْأَمْرِ کو فیصلے کرنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو گی۔
سوال:آج کے دور میں اگر أُولِي الْأَمْرِ کے ساتھ کوئی تنازعہ ہوتا ہے تو  میں اس معاملہ کو لیکر کس کے پاس جاؤں؟
جواب: آج کل آپ کے أُولِي الْأَمْرِنے جو سسٹم بنایا ہوا ہے آپ کو اس کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔ کسی ادارے میں تنازعہ ہو جائے تو اس کے محتسب موجود ہیں۔ کسی عدالت کے فیصلے پر اعتراض (تنازعہ) ہے تو اس سے بڑی عدالتیں موجود ہیںَ ۔ دنیاوی أُولِي الْأَمْرِمیں سپریم کورٹ سب سے بڑی عدالت ہے۔ اس کے فیصلے سے بھی تنازعہ حل نہیں ہوتا تو معاملہ کو اللہ پر ہی چھوڑ دینا بہتر ہے۔ اگر عدالتیں واضح ثبوتوں اور شہادتوں کے بعد آپ کے خلاف فیصلہ دے رہی ہے تو آپ کو اسے مان لینا چاہیے کہ أُولِي الْأَمْرِکی اطاعت کا حکم اسی آیت 4:59 میں ہے۔
ذَٰلِكَ خَيْرٌ وَأَحْسَنُ تَأْوِيلًا 4:59 
ترجمہ:  یہی   درست طریقہ کار  ہے اور انجام کے اعتبار سے بھی بہتر ہے۔
درست طریقہ اس لحاظ سے ہے کہ قیامت پر یقین کی وجہ سے اصل اجر وہاں ملے گا۔مزید مقدمے بازی یا دشمنی  نہیں ہو گی۔
اس آیت کا تعلق اس وقت سے ہے جب معاملے کا فیصلے کرنے کے لیے واضح ثبوت نہ، ہو سکتا ہے صاحب عدل صلح کا کہہ دے تو اس کی بات ماننی چاہیے۔
غیر اسلامی ممالک میں 4:59 کا اطلاق
ایسے مسلمان جو غیر اسلامی ممالک  میں رہتے ہیں وہ اس آیت 4:59 پر اس طرح سے عمل کریں گے کہ اللہ کی اطاعت اور اس کے رسول کی اطاعت میں قرآن کریم کے احکامات پر عمل کریں گے۔ أُولِي الْأَمْرِ کی اطاعت کے ضمن میں وہاں کے قوانین کا احترام کریں  اور ان کے فیصلے کو قرآن کے احکامات کی روشنی میں تسلیم کریں گے۔کوئی ایسا حکم نہیں مانیں گے جو سراسر کفر ہو جیسے کہ قرآن کریم میں ہے کہ 
وَوَصَّيْنَا الْإِنسَانَ بِوَالِدَيْهِ حُسْنًاۖ وَإِن جَاهَدَاكَ لِتُشْرِكَ بِي مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ فَلَا تُطِعْهُمَاۚ إِلَيَّ مَرْجِعُكُمْ فَأُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ [٢٩:٨] 
(ہم نے انسان کو ہدایت کی ہے کہ اپنے والدین کے ساتھ نیک سلوک کرے لیکن اگر وہ تجھ پر زور ڈالیں کہ تو میرے ساتھ کسی ایسے (معبُود) کو شریک ٹھیرائے جسے تو (میرے شریک کی حیثیت سے) نہیں جانتا تو ان کی اطاعت نہ کر میری ہی طرف تم سب کو پلٹ کر آنا ہے، پھر میں تم کو بتا دوں گا کہ تم کیا کرتے رہے ہو ۔)
اسی طرح ایسے وہ احکام جو شرک کا باعث بنتے ہو اُن احکام کی پابندی لازم نہیں۔ لیکن اگر زبردستی کی جائے تو اللہ کی زمین بہت بڑی ہے کفر کی بجائے ہجرت فرض ہے کہ کفر کا کوئی بہانہ قبول نہ ہو گا۔
إِنَّ الَّذِينَ تَوَفَّاهُمُ الْمَلَائِكَةُ ظَالِمِي أَنفُسِهِمْ قَالُوا فِيمَ كُنتُمْۖ قَالُوا كُنَّا
مُسْتَضْعَفِينَ فِي الْأَرْضِۚ قَالُوا أَلَمْ تَكُنْ أَرْضُ اللَّهِ وَاسِعَةً فَتُهَاجِرُوا فِيهَاۚ فَأُولَٰئِكَ مَأْوَاهُمْ جَهَنَّمُۖ وَسَاءَتْ مَصِيرًا [٤:٩٧]
مُسْتَضْعَفِينَ فِي الْأَرْضِۚ قَالُوا أَلَمْ تَكُنْ أَرْضُ اللَّهِ وَاسِعَةً فَتُهَاجِرُوا فِيهَاۚ فَأُولَٰئِكَ مَأْوَاهُمْ جَهَنَّمُۖ وَسَاءَتْ مَصِيرًا [٤:٩٧]
(جو لوگ اپنے نفس پر ظلم کر رہے تھے اُن کی روحیں جب فرشتوں نے قبض کیں تو ان سے پوچھا کہ یہ تم کس حال میں مبتلا تھے؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہم زمین میں کمزور و مجبور تھے فرشتوں نے کہا، کیا خدا کی زمین وسیع نہ تھی کہ تم اس میں ہجرت کرتے؟ یہ وہ لوگ ہیں جن کا ٹھکانا جہنم ہے اور بڑا ہی برا ٹھکانا ہے )
غیر اسلامی ممالک میں کسی حد تک اپنا ایمان چھپایا جا سکتا ہےجیسا کہ اس آیت میں ہے۔
وَإِذَا ضَرَبْتُمْ فِي الْأَرْضِ فَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ أَن تَقْصُرُوا مِنَ الصَّلَاةِ إِنْ خِفْتُمْ أَن يَفْتِنَكُمُ الَّذِينَ كَفَرُواۚ إِنَّ الْكَافِرِينَ كَانُوا لَكُمْ عَدُوًّا مُّبِينًا [٤:١٠١] 
(اور جب تم لوگ سفر کے لیے نکلو تو کوئی مضائقہ نہیں اگر نماز میں اختصار کر دو (خصوصاً) جبکہ تمہیں اندیشہ ہو کہ کافر تمہیں ستائیں گے کیونکہ وہ کھلم کھلا تمہاری دشمنی پر تلے ہوئے ہیں )
مگر کفر پر عمل نہیں کرنا۔ عبادات اس حد تک ترک کی جاسکتی ہیں کہ سب کے سامنے ادا نہ کی جائیں۔ سکارف وغیرہ کی پابندی ہو تو اس پابندی پر عمل کرنے پر بھی کوئی حرج نہیں۔ ہر معاملے میں اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے دیکھنا چاہیے کہ اس کے کرنے سے کفر تو نہیں ہو جائے۔ کفر نہ ہو تو کرنا جائز ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
 
			
Comments are closed.